حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، آیت اللہ عباس کعبی نے آج صبح اپنے درس خارج کے آغاز میں عشرہ کرامت اور حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کے یوم ولادت باسعادت کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا: یہ دن ہمارے ہاں "روز دختر" کے نام سے معروف ہے۔ حضرت فاطمہ معصومہ سلام اللہ علیہا کی ولادت سے قبل آپ کے جد امجد حضرت امام صادق علیہ السلام نے آپ کی ولادت کی بشارت دے دی تھی اور یہ چیز حضرت امام صادق علیہ السلام کی کرامات میں سے ایک ہے جو کہ اہل بیت علیہم السلام کے درمیان حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کے مقام عظمت کو بھی ظاہر کرتی ہے۔
انہوں نے مزید کہا: مرحوم علامہ مجلسی نے بحار الانوار جلد 99 کے صفحہ 267 پر حضرت معصومہ (س) کی زیارت کے فضائل کے ذیل میں حضرت امام جعفر صادق علیہ السلام سے نقل کیا ہے کہ "خدا کا حرم ہے اور وہ مکہ ہے اور رسول خدا کا حرم ہے جو کہ مدینہ ہے اور کوفہ بھی امام علی علیہ السلام کا حرم ہے اور ہمارا بھی حرم ہے جو کہ قم میں ہے۔ اس شہر میں میری اولاد سے ایک خاتون دفن ہوں گی، اس کا نام فاطمہ ہے، جو بھی اس کی زیارت کرے گا، اس پر جنت واجب ہو گی"۔
آیت اللہ کعبی نے کہا: ایک اور روایت میں امام جواد علیہ السلام فرماتے ہیں کہ "جس نے قم میں میری پھوپھی کی قبر کی زیارت کی تو اس پر جنت واجب ہے"۔
انہوں نے کہا: آج شہر قم حضرت معصومہ سلام اللہ علیہا کی برکت سے دنیا بھر میں اہل بیت علیہم السلام کے علم و معارف کو پھیلانے کا مرکز بن گیا ہے۔ طلاب و علماء کرام کو اس نعمت کی قدر کرنی چاہئے۔